نہیں ہے میرے مقدر میں روشنی نہ سہی
یہ کھڑکی کھولو ذرا صبح کی ہوا ہی لگے
بشیر بدر
اندھیروں کو نکالا جا رہا ہے
مگر گھر سے اجالا جا رہا ہے
فنا نظامی کانپوری
چاند بھی حیران دریا بھی پریشانی میں ہے
عکس کس کا ہے کہ اتنی روشنی پانی میں ہے
فرحت احساس
گھر سے باہر نہیں نکلا جاتا
روشنی یاد دلاتی ہے تری
فضیل جعفری
روشنی میں اپنی شخصیت پہ جب بھی سوچنا
اپنے قد کو اپنے سائے سے بھی کم تر دیکھنا
حمایت علی شاعرؔ
روشندان سے دھوپ کا ٹکڑا آ کر میرے پاس گرا
اور پھر سورج نے کوشش کی مجھ سے آنکھ ملانے کی
حمیرا رحمان
روشنی مجھ سے گریزاں ہے تو شکوہ بھی نہیں
میرے غم خانے میں کچھ ایسا اندھیرا بھی نہیں
اقبال عظیم