EN हिंदी
رس بھرے ہونٹ | شیح شیری
ras-bhare honT

نظم

رس بھرے ہونٹ

محمد دین تاثیر

;

رس بھرے ہونٹ
پھول سے ہلکے

جیسے بلور کی صراحی میں
بادۂ آتشیں نفس چھلکے

جیسے نرگس کی گول آنکھوں سے
ایک شبنم کا ارغواں قطرہ

شفق صبح سے درخشندہ
دھیرے دھیرے سنبھل سنبھل ڈھلکے

رس بھرے ہونٹ یوں لرزتے ہیں.....!
یوں لرزتے ہیں جس طرح کوئی

رات دن کا تھکا ہوا راہی
پاؤں چھلنی نگاہ متزلزل

وقت صحرائے بیکراں کہ جہاں
سنگ منزل نما نہ آج نہ کل.....

دفعتاً دور..... دور!..... آنکھ سے دور
شفق شام کی سیاہی میں

قلب کی آرزو نگاہی میں
فرش سے عرش تک جھلک اٹھے

ایک دھوکا..... سراب..... منبع نور.....!
رس بھرے ہونٹ دیکھ کر تاثیرؔ

رات دن کے تھکے ہوئے راہی
یوں ترستے ہیں، یوں لرزتے ہیں.....!