EN हिंदी
ہندوستان میرا | شیح شیری
hindostan mera

نظم

ہندوستان میرا

عرش ملسیانی

;

دیسوں میں سب سے اچھا ہندوستان میرا
روئے زمیں پہ جنت، جنت نشان میرا

ہندوستان میرا، ہندوستان میرا
وہ پیارا پیارا منظر، وہ موہنی فضائیں

وہ اونچے اونچے پربت وہ دلفزا گپھائیں
ہندوستان میرا، ہندوستان میرا

تینوں طرف سمندر، چوتھی طرف ہمالہ
ہے پاسبان اس کا، اس کا بنانے والا

ہندوستان میرا، ہندوستان میرا
غنچوں کا وہ چٹکنا، پھولوں کا وہ مہکنا

پنچھی پکھیروؤں کا وہ صبح دم چہکنا
ہندوستان میرا، ہندوستان میرا

دھیمے سروں میں گنگا یہ گیت گا رہی ہے
جمنا بھی اپنے منہ میں یہ گنگنا رہی ہے

ہندوستان میرا، ہندوستان میرا
گوکل کا اک گوالا بنسی بجا رہا ہے

بنسی کی لے میں وہ بھی اک گیت گا رہا ہے
ہندوستان میرا، ہندوستان میرا

دنیا کے سارے میوے اس گلستان میں ہیں
سب نعمتیں میسر ہندوستان میں ہیں

ہندوستان میرا، ہندوستان میرا
میرا نشاں یہی ہے، میرا جہاں یہی ہے

جنت مری یہی ہے، میرا مکاں یہی ہے
ہندوستان میرا، ہندوستان میرا