EN हिंदी
زندہ رہنے کی یہ ترکیب نکالی میں نے | شیح شیری
zinda rahne ki ye tarkib nikali maine

غزل

زندہ رہنے کی یہ ترکیب نکالی میں نے

علینا عترت

;

زندہ رہنے کی یہ ترکیب نکالی میں نے
اپنے ہونے کی خبر سب سے چھپا لی میں نے

جب زمیں ریت کی مانند سرکتی پائی
آسماں تھام لیا جان بچا لی میں نے

اپنے سورج کی تمازت کا بھرم رکھنے کو
نرم چھاؤں میں کڑی دھوپ ملا لی میں نے

مرحلہ کوئی جدائی کا جو درپیش ہوا
تو تبسم کی ردا غم کو اڑھا لی میں نے

ایک لمحے کو تری سمت سے اٹھا بادل
اور بارش کی سی امید لگا لی میں نے

بعد مدت مجھے نیند آئی بڑے چین کی نیند
خاک جب اوڑھ لی اور خاک بچھا لی میں نے

جو علیناؔ نے سر عرش دعا بھیجی تھی
اس کی تاثیر یہیں فرش پہ پا لی میں نے