EN हिंदी
زمیں سے اگتی ہے یا آسماں سے آتی ہے | شیح شیری
zamin se ugti hai ya aasman se aati hai

غزل

زمیں سے اگتی ہے یا آسماں سے آتی ہے

احمد مشتاق

;

زمیں سے اگتی ہے یا آسماں سے آتی ہے
یہ بے ارادہ اداسی کہاں سے آتی ہے

اسے نئے در و دیوار بھی نہ روک سکے
وہ اک صدا جو پرانے مکاں سے آتی ہے

بدن کی باس نسیم لباس بوئے نفس
کوئی مہک ہو اسی خاکداں سے آتی ہے

دلوں کی برف پگھلتی نہیں ہے جس کے بغیر
وہ آنچ ایک غم بے نشاں سے آتی ہے

سخن وری ہے نظر سے نظر کا ناز و نیاز
عروض سے نہ زبان و بیاں سے آتی ہے