زبان خلق پہ آیا تو اک فسانہ ہوا
وہ لفظ صوت و صدا سے جو آشنا نہ ہوا
بلائے جاں بھی ہے جاں بخش بھی ہے عشق بتاں
اجل کو عذر ملا زیست کو بہانہ ہوا
تری نگاہ کرن تھی تو میرا دل شبنم
تری نگہ سے بھی دل کا معاملہ نہ ہوا
بصد خلوص رہا ساتھ زندگی بھر کا
مقابلہ بھی زمانے سے دوستانہ ہوا
سنا ہے بزم میں تیری ہے تذکرہ میرا
تری وفا کا تعارف بھی غائبانہ ہوا
ہم ایسے کھو گئے آغاز میں خبر ہی نہیں
کہ بزم اٹھ گئی کب ختم کب فسانہ ہوا
ہر ایک لمحہ کیا قرض زندگی کا ادا
کچھ اپنا حق بھی تھا ہم پر وہی ادا نہ ہوا
غزل
زبان خلق پہ آیا تو اک فسانہ ہوا
وحید اختر