EN हिंदी
یہ نشست غم ہے اس کی کوئی ریت تو نبھاؤ | شیح شیری
ye nashist-e-gham hai isko koi rit to nibhao

غزل

یہ نشست غم ہے اس کی کوئی ریت تو نبھاؤ

کانتی موہن سوز

;

یہ نشست غم ہے اس کی کوئی ریت تو نبھاؤ
میں غزل سنا رہا ہوں مجھے چھوڑ کر نہ جاؤ

شب تار کا فسانہ کبھی مختصر بھی ہوگا
کوئی شمع تو جلاؤ کوئی جام تو اٹھاؤ

یہ غرور تیغ قاتل کبھی سرنگوں بھی ہوگا
سر بزم چوٹ کھا کر سر راہ مسکراؤ

تمہیں سر بلند پا کر چلی جائے سر جھکا کر
کبھی مرگ ناگہاں سے ذرا یوں بھی پیش آؤ

ذرا دیکھو گردنوں پر سر شام جھک چلے ہیں
یہ کنول ہیں کتنے پیارے انہیں دار پر سجاؤ

اسے کھینچ لو پلنگ سے وہ جو سو کے تھک گیا ہے
یہ جو تھک کے سو گیا ہے اسے پیار سے جگاؤ

رہا سر ہمیشہ تانے سہے ہنس کے تازیانے
وہ گریز پا ہوا کیوں کوئی سوزؔ کو مناؤ