وجہ رسوائی ہے اب لائق محفل ہونا
ان کی فہرست تبرا میں نہ شامل ہونا
فن کا دعویٰ ہے تو کچھ جرأت اظہار بھی ہو
زیب دیتا نہیں فن کار کو بزدل ہونا
مدح گل چیں ہو جہاں مسلک مرغان چمن
ہم کو منظور نہیں فخر عنادل ہونا
اپنی پہچان ہے وہ قریۂ تاریک جہاں
منصفوں کو بھی میسر نہیں عادل ہونا
میرے شعروں نے اسے سوچ میں ڈالا تو سہی
نیک ہے دل میں بھی رزم حق و باطل ہونا
چاند نکلے تو سہی بام پہ کچھ شور تو ہو
کچھ ضروری تو نہیں ہے مہ کامل ہونا
نہ سیاست نہ معیشت نہ بنام مذہب
اب گوارا نہیں پابند سلاسل ہونا
سانحہ اس سے بڑا اور بھلا کیا ہوگا
خالدؔ اس شوخ کے قبضے میں مرا دل ہونا
غزل
وجہ رسوائی ہے اب لائق محفل ہونا
خالد یوسف