EN हिंदी
تو دیکھ اسے سب جا آنکھوں کے اٹھا پردے | شیح شیری
tu dekh use sab ja aankhon ke uTha parde

غزل

تو دیکھ اسے سب جا آنکھوں کے اٹھا پردے

شیخ ظہور الدین حاتم

;

تو دیکھ اسے سب جا آنکھوں کے اٹھا پردے
مانند سویدا کے دل بیچ اسے گھر دے

عالم کے مرقع میں تصویر اسی کی ہے
سب حسن یہاں یارو اس حسن کے ہیں گردے

صیاد کا شرمندہ ہوں بے پر و بالی سے
اڑ کر ابھی جا پہنچوں جو مجھ کو خدا پر دے

ساقی تجھے کم ظرفی مستوں سے نہیں لازم
ترسا نہ مجھے کافر ساغر کے تئیں بھر دے

بزم دل مشتاقاں جوں شام غریباں ہے
یک جلوہ میں تو روشن آ شمع صفت کر دے

ہم عرض کیا اس کی خدمت میں کہ اے صاحب
اتنے ترے بندوں میں ایک ہم بھی ہیں نو وردے

دولت سے تری سب کچھ ہم پاس مہیا ہے
لب خشک و جگر بریاں چشم تر و دل سر دے

حاتمؔ وہ لگا کہنے غصے سے کہ چل جھوٹھے
بندا میں اسے جانوں جو پہلے قدم سر دے

ہشیار کروں حاتمؔ مستوں کو نگاہوں میں
قطرہ مئے وحدت سے جو ساقیٔ کوثر دے