تلخی کش نومیدئ دیدار بہت ہیں
اس نرگس بیمار کے بیمار بہت ہیں
عالم پہ ہے چھایا ہوا اک یاس کا عالم
یعنی کہ تمنا کے گرفتار بہت ہیں
اک وصل کی تدبیر ہے اک ہجر میں جینا
جو کام کہ کرنے ہیں وہ دشوار بہت ہیں
وہ تیرا خریدار قدیم آج کہاں ہے
یہ سچ ہے کہ اب تیرے خریدار بہت ہیں
محنت ہو مصیبت ہو ستم ہو تو مزا ہے
ملنا ترا آساں ہے طلب گار بہت ہیں
عشاق کی پرواہ نہیں خود تجھ کو وگرنہ
جی تجھ پہ فدا کرنے کو تیار بہت ہیں
وحشتؔ سخن و لطف سخن اور ہی شے ہے
دیوان میں یاروں کے تو اشعار بہت ہیں
غزل
تلخی کش نومیدئ دیدار بہت ہیں
وحشتؔ رضا علی کلکتوی