EN हिंदी
قدم قدم پر تمہاری یوں تو عنایتیں بھی بہت ہوئی ہیں | شیح شیری
qadam qadam par tumhaari yun to inayaten bhi bahut hui hain

غزل

قدم قدم پر تمہاری یوں تو عنایتیں بھی بہت ہوئی ہیں

مصطفی شہاب

;

قدم قدم پر تمہاری یوں تو عنایتیں بھی بہت ہوئی ہیں
مجھے مری بے نیازیوں پر ندامتیں بھی بہت ہوئی ہیں

یہ مت سمجھنا کہ آنسوؤں ہی سے بھیگ جاتی ہیں اس کی پلکیں
کہ بارہا چشم نم سے اس کی کرامتیں بھی بہت ہوئی ہیں

عجب تماشا ہے ظلم سہہ کر بھی سارے مظلوم مطمئن ہیں
انہیں کی جانب سے قاتلوں کی ضمانتیں بھی بہت ہوئی ہیں

محبتوں میں خموشیاں ہی جواب ہوتی ہیں معترض کا
اگرچہ کچھ بے ارادہ مجھ سے وضاحتیں بھی بہت ہوئی ہیں

ہوئی ہے اظہار آرزو میں خطائے تاخیر اس لیے بھی
رہ تمنا اجالنے میں طوالتیں بھی بہت ہوئی ہیں

شہابؔ ساحل سے باندھ رکھو ابھی پرانی وہ ناؤ اپنی
کہ جس پہ طوفانی ندیوں میں مسافتیں بھی بہت ہوئی ہیں