EN हिंदी
پیار میں تانا بانا چلتا رہتا ہے | شیح شیری
pyar mein tana-bana chalta rahta hai

غزل

پیار میں تانا بانا چلتا رہتا ہے

انجم لدھیانوی

;

پیار میں تانا بانا چلتا رہتا ہے
روٹھنا اور منانا چلتا رہتا ہے

وعدے اور ارادے ٹوٹے رہتے ہیں
پینا اور پلانا چلتا رہتا ہے

نئی نویلی کلیاں کھلتی رہتی ہیں
پھولوں کا مرجھانا چلتا رہتا ہے

پیار کے گیت سناتے رہتے ہیں بھونرے
کلیوں کا شرمانا چلتا رہتا ہے

پھولوں کی رنگت دو اک دن چل پاتی ہے
خوشبو کا مہکانا چلتا رہتا ہے