مجھے معلوم ہے میں ساری دنیا کی امانت ہوں
مگر وہ لمحہ جب میں صرف اپنا ہو سا جاتا ہوں
میں تم سے دور رہتا ہوں تو میرے ساتھ رہتی ہو
تمہارے پاس آتا ہوں تو تنہا ہو سا جاتا ہوں
میں چاہے سچ ہی بولوں ہر طرح سے اپنے بارے میں
مگر تم مسکراتی ہو تو جھوٹا ہو سا جاتا ہوں
ترے گل رنگ ہونٹوں سے دہکتی زندگی پی کر
میں پیاسا اور پیاسا اور پیاسا ہو سا جاتا ہوں
تجھے بانہوں میں بھر لینے کی خواہش یوں ابھرتی ہے
کہ میں اپنی نظر میں آپ رسوا ہو سا جاتا ہوں
غزل
مجھے معلوم ہے میں ساری دنیا کی امانت ہوں
جاں نثاراختر