EN हिंदी
کوئی شے دل کو بہلاتی نہیں ہے | شیح شیری
koi shai dil ko bahlati nahin hai

غزل

کوئی شے دل کو بہلاتی نہیں ہے

بخش لائلپوری

;

کوئی شے دل کو بہلاتی نہیں ہے
پریشانی کی رت جاتی نہیں ہے

ہمارے خواب چوری ہو گئے ہیں
ہمیں راتوں کو نیند آتی نہیں ہے

کوئی تتلی کماں داروں کے ڈر سے
فضا میں پنکھ پھیلاتی نہیں ہے

ہر اک صورت ہمیں بھاتی نہیں ہے
کوئی صورت ہمیں بھاتی نہیں ہے

جس آزادی کے نغمے ہیں زباں پر
وہ آزادی نظر آتی نہیں ہے

بدن بے حرکت و بے حس پڑے ہیں
لہو کی بوند گرماتی نہیں ہے

مسلسل پوش کی چابک زنی سے
مری آشفتگی جاتی نہیں ہے

زوال فکر و فن کی بخشؔ تہمت
جلال حرف پر آتی نہیں ہے