خیر لایا تو جنوں دیوار سے در کی طرف
اب نظر جانے لگی باہر سے اندر کی طرف
کشتئ امید کے ہر بادباں اڑنے لگے
کس نے رخ موڑا ہواؤں کا سمندر کی طرف
یوں بھی ہوتا ہے مدارات جنوں کے شوق میں
پھول جیسے ہاتھ اٹھ جاتے ہیں پتھر کی طرف
ہم نے سمجھے تھے کہ یہ ہوگا مآل کار عشق
رخ کیا باد بہاری نے مرے گھر کی طرف
دی ہے نیرؔ مجھ کو ساقی نے یہ کیسی خاص مے
سب کی نظریں اٹھ رہی ہیں میرے ساغر کی طرف
غزل
خیر لایا تو جنوں دیوار سے در کی طرف
نیر سلطانپوری