جوش تکمیل تمنا ہے خدا خیر کرے
خاک ہونے کا اندیشہ ہے خدا خیر کرے
جاں نثاروں کو نتیجے کا تصور ہی کہاں
آئینہ سنگ پہ مرتا ہے خدا خیر کرے
سب نے رسمی ہی ہنسی لب پہ سجا رکھی ہے
ہر کوئی درد میں ڈوبا ہے خدا خیر کرے
پیاس پانی کے تجسس میں بھٹکتی ہے جہاں
دور تک ریت کا دریا ہے خدا خیر کرے
اک طرف وقت کے منہ زور بگولوں کا ہجوم
اک طرف زرد سا پتا ہے خدا خیر کرے
تو نے گھر یوں تو بلندی پہ بنایا ہے فگارؔ
تو مگر نیند میں چلتا ہے خدا خیر کرے
غزل
جوش تکمیل تمنا ہے خدا خیر کرے
امر سنگھ فگار