EN हिंदी
جب رقیبوں کا ستم یاد آیا | شیح شیری
jab raqibon ka sitam yaad aaya

غزل

جب رقیبوں کا ستم یاد آیا

مصطفیٰ خاں شیفتہ

;

جب رقیبوں کا ستم یاد آیا
کچھ تمہارا بھی کرم یاد آیا

کب ہمیں حاجت پرہیز پڑی
غم نہ کھایا تھا کہ سم یاد آیا

نہ لکھا خط کہ خط پیشانی
مجھ کو ہنگام رقم یاد آیا

شعلۂ زخم سے اے صید فگن
داغ آہوئے حرم یاد آیا

ٹھہرے کیا دل کہ تری شوخی سے
اضطراب پئے ہم یاد آیا

خوبئ بخت کہ پیمان عدو
اس کو ہنگام قسم یاد آیا

کھل گئی غیر سے الفت اس کی
جام مے سے مجھے جم یاد آیا

وہ مرا دل ہے کہ خودبینوں کو
دیکھ کر آئنہ کم یاد آیا

کس لیے لطف کی باتیں ہیں پھر
کیا کوئی اور ستم یاد آیا

ایسے خود رفتہ ہو اے شیفتہؔ کیوں
کہیں اس شوخ کا رم یاد آیا