ہوش و خرد سے بیگانہ بن جا
ہر فصل گل میں دیوانہ بن جا
آ دل کی بستی آباد کر دے
اک شب چراغ ویرانہ بن جا
خلوت میں کیا ہے جلوت میں گم ہو
زندہ حقیقت افسانہ بن جا
بے سوز ہے بزم علم و دانش
شمع یقیں کا پروانہ بن جا
کتنی پیے گا جام و سبو سے
مست نگاہ مستانہ بن جا
غزل
ہوش و خرد سے بیگانہ بن جا
سکندر علی وجد