ہر شے لمحے کی مہماں ہے کیا گل کیا خوشبو
کیا مے کیا نشۂ آئینہ کیا آئینہ رو
مورنی کی یہ خواہش وجد میں آ کر ناچے مور
پیاس بجھانے کو دے دے بس دو قطرے آنسو
کیا تھا وہ لمحوں کی رفاقت ہو گئی خواب و خیال
تجھ بن ساری عمر رہا خالی میرا پہلو
ذہنی رشتے قلبی ناطے سب اغراض پسند
سب لمحوں کے جادوگر ہیں کیا میں اور کیا تو
عارفؔ کیا تدبیر ہو اس کو کیسے رام کروں
میں اک خالی ہاتھ شکاری وہ اک تیز آہو
غزل
ہر شے لمحے کی مہماں ہے کیا گل کیا خوشبو
منظور عارف