ہمارا حسن تعلق وفا بنے نہ بنے
وہ عشوہ سنج ہے فرخ لقا بنے نہ بنے
چلے ہیں شوق میں ہم یا خدا بنے نہ بنے
وہ کیا سلوک کرے دل ربا بنے نہ بنے
کیا تصور مقصود نے ہمیں حیراں
یہ منتہائے نظر مدعا بنے نہ بنے
سفینہ بحر تعشق میں اب تو ڈال چکا
جو آشنا ہے مرا نا خدا بنے نہ بنے
فریب جلوہ ہے نقش و نگار فطرت میں
جو محو دید ہو حیرت ادا بنے نہ بنے
شہید کیف تمنا ہے عاشق بیتاب
بہار حسن صفا ہم نوا بنے نہ بنے
فسوں خیال ہے تحریک شوق رعنائی
وہ مست ناز مرا خود نما بنے نہ بنے
بندھی ہے خندۂ زیر لبی سے کچھ امید
وہ زود رنج ہے زود آشنا بنے نہ بنے
وہ جذب قلب کے نیرنگ کا ہوا قائل
ہمارا آئنہ حیرت نما بنے نہ بنے
کبھی تو جام عنایت کا ہو غنی ساقیؔ
یہ بے نیاز ترا بے نوا بنے نہ بنے
غزل
ہمارا حسن تعلق وفا بنے نہ بنے
پنڈت جواہر ناتھ ساقی