ہم پہ جور و ستم کے کیا معنی
ترک رحم و کرم کے کیا معنی
عیش و عشرت سے غم کے کیا معنی
فربہی ہے درم کے کیا معنی
رات فرقت کی کس کو کہتے ہیں
روز ہجر صنم کے کیا معنی
گر نہیں اس کا ساغر مے ناب
کہئے پھر جام جم کے کیا معنی
پوجنا بت کا ہے یہ کیا مضمون
اور طواف حرم کے کیا معنی
کوچۂ گل رخاں کو کہتے ہیں
اور باغ ارم کے کیا معنی
یوں ہی وعدہ کرو یقیں ہو جائے
کیوں قسم لوں قسم کے کیا معنی
ماجرا چشم نم کا تو سمجھے
لیکن ابر و کرم کے کیا معنی
بوسے وعدہ سے کم نہیں منظور
دم نہ دو ہم کو دم کے کیا معنی
ایک دو تین چار پانچ چھ سات
یوں ہی گن لیں گے کم کے کیا معنی
اے سخیؔ یار نے دکھائی کمر
شب جو پوچھا عدم کے کیا معنی
غزل
ہم پہ جور و ستم کے کیا معنی
سخی لکھنوی