فاختہ شاخ سے اڑتے ہوئے گھبرائی تھی
جب پرندوں کے بلکنے کی صدا آئی تھی
آبلے میری زباں پر ہیں تو حیرت کیسی
میں نے اک بار تری جھوٹی قسم کھائی تھی
کب یہ سوچا تھا برابر سے گزر جائے گا
میری جس شخص سے برسوں کی شناسائی تھی
اب وہ کہتا ہے کہ زنجیر بنی میرے لیے
اس کے پیروں میں جو پائل کبھی پہنائی تھی
وقت بدلے تو ہر اک رشتہ بدلتا ہے حسنؔ
دل میں دیوار کہاں پہلے مرے بھائی تھی
غزل
فاختہ شاخ سے اڑتے ہوئے گھبرائی تھی
عطاالحسن