EN हिंदी
دل سوختہ کو اپنے جلایا غضب کیا | شیح شیری
dil-soKHta ko apne jalaya ghazab kiya

غزل

دل سوختہ کو اپنے جلایا غضب کیا

پنڈت جواہر ناتھ ساقی

;

دل سوختہ کو اپنے جلایا غضب کیا
نیرنگ تم نے کیا یہ دکھایا غضب کیا

زندہ کیا ہے حسرت مردہ کو بے وفا
تو بعد مرگ گور پہ آیا غضب کیا

یہ درد درد مند تماشا دکھائے گا
آفت رسیدہ کو جو ستایا غضب کیا

ہم خانماں خراب بھٹکتے کہاں پھریں
بیٹھے بٹھائے اس نے اٹھایا غضب کیا

سب کہہ رہے تھے بلبل کشمیر کے حریف
اس گل نے اپنا یار بنایا غضب کیا

مجذوب و مست پیر مغاں کیوں نہ وہ رہے
ساقیؔ کو جام جذب پلایا غضب کیا