EN हिंदी
دل میں ترے جو کوئی گھر کر گیا | شیح شیری
dil mein tere jo koi ghar kar gaya

غزل

دل میں ترے جو کوئی گھر کر گیا

محمد رفیع سودا

;

دل میں ترے جو کوئی گھر کر گیا
سخت مہم تھی کہ وہ سر کر گیا

وہم غلط کار نے دل خوش کیا
کس پہ نہ جانے وہ نظر کر گیا

جا ہی بھڑا تجھ صف مژگاں سے یار
دل تو مرا زور جگر کر گیا

رات ملا تھا مجھے تنہا رقیب
یار خدا کا ہی میں ڈر کر گیا

فیض ترے وصف بنا گوش کا
اپنے سخن کو تو گہر کر گیا

دیکھ لی ساقی کی بھی دریا دلی
لب نہ ہمارے کبھو تر کر گیا

کیوں کے کراہوں نہ شب و روز میں
درد مرے پہلو میں گھر کر گیا

نفع کو پہنچا یہ تجھے دے کے دل
جان کا اپنی میں ضرر کر گیا

اور غزل اب کوئی سودا تو کہہ
یہ تو یوں ہی تھی میں نظر کر گیا