EN हिंदी
دل بچھڑ کر جو چلا اس بت مغرور تلک | شیح شیری
dil bichhaD kar jo chala us but-e-maghrur talak

غزل

دل بچھڑ کر جو چلا اس بت مغرور تلک

میر حسن

;

دل بچھڑ کر جو چلا اس بت مغرور تلک
دیکھتا میں بھی گیا اس کے تئیں دور تلک

جان جاوے کہ نہ جاوے رہے سر یا نہ رہے
چھوڑنے کے نہیں ہم تجھ کو تو مقدور تلک

اب نہیں وقت تغافل کا سن اے یار عزیز
پہنچیو جلد ذرا اس دل رنجور تلک

ہم بھی تب تک ہیں کہ یاں جلوہ ہے جب تک تیرا
ہستیٔ سایہ بھی سچ پوچھو تو ہے نور تلک

زخم دل عشق کے گھر کا تو در دولت ہے
بھیج مرہم کو نہ ہمدم مرے ناسور تلک

قاصد و نامہ و پیغام کی مت کہہ کہ صبا
اب تو واں سے نہیں آتی دل مہجور تلک

مر گئے دن ہی کو ہم ہجر میں صد شکر حسنؔ
کام پہنچا نہ ہمارا شب دیجور تلک