EN हिंदी
چپ بھی ہو بک رہا ہے کیا واعظ | شیح شیری
chup bhi ho bak raha hai kya waiz

غزل

چپ بھی ہو بک رہا ہے کیا واعظ

امیر مینائی

;

چپ بھی ہو بک رہا ہے کیا واعظ
مغز رندوں کا کھا گیا واعظ

تیرے کہنے سے رند جائیں گے
یہ تو ہے خانۂ خدا واعظ

اللہ اللہ یہ کبر اور یہ غرور
کیا خدا کا ہے دوسرا واعظ

بے خطا میکشوں پہ چشم غضب
حشر ہونے دے دیکھنا واعظ

ہم ہیں قحط شراب سے بیمار
کس مرض کی ہے تو دوا واعظ

رہ چکا میکدے میں ساری عمر
کبھی مے خانے میں بھی آ واعظ

ہجو مے کر رہا تھا منبر پر
ہم جو پہنچے تو پی گیا واعظ

دخت رز کو برا مرے آگے
پھر نہ کہنا کبھی سنا واعظ

آج کرتا ہوں وصف مے میں امیرؔ
دیکھوں کہتا ہے اس میں کیا واعظ