چھپ کے دنیا سے سواد دل خاموش میں آ
آ یہاں تو مری ترسی ہوئی آغوش میں آ
اور دنیا میں کہیں تیرا ٹھکانہ ہی نہیں
اے مرے دل کی تمنا لب خاموش میں آ
مئے رنگیں پس مینا سے اشارے کب تک
ایک دن ساغر رندان بلا نوش میں آ
عشق کرتا ہے تو پھر عشق کی توہین نہ کر
یا تو بے ہوش نہ ہو ہو تو نہ پھر ہوش میں آ
تو بدل دے نہ کہیں جوہر انساں کا بھی رنگ
اے زمانے کے لہو دیکھ نہ یوں جوش میں آ
دیکھ کیا دام لگاتی ہے نگاہ ملاؔ
کبھی اے غنچۂ تر دست گل افروش میں آ
غزل
چھپ کے دنیا سے سواد دل خاموش میں آ
آنند نرائن ملا