EN हिंदी
چاہے تو شوق سے مجھے وحشت دل شکار کر | شیح شیری
chahe tu shauq se mujhe wahshat-e-dil shikar kar

غزل

چاہے تو شوق سے مجھے وحشت دل شکار کر

انجم خلیق

;

چاہے تو شوق سے مجھے وحشت دل شکار کر
اپنوں سے کٹ چکا ہوں میں اپنی انا ابھار کر

جن کو کہا نہ جا سکا جن کو سنا نہیں گیا
وہ بھی ہیں کچھ حکایتیں ان کو بھی تو شمار کر

خود کو اذیتیں نہ دے مجھ کو اذیتیں نہ دے
خود پہ بھی اختیار رکھ مجھ پہ بھی اعتبار کر

اس کے یقین حسن کا حسن یقیں تو دیکھیے
آئینہ دیکھتا ہے وہ اپنی نظر اتار کر

راہیں رفیق راہ کے شوق کا امتحان ہیں
جس میں سفر طویل ہو رستہ وہ اختیار کر

تیری زمیں نصیب نے تیرے ہنر کو سونپ دی
خواہ چمن بنا اسے خواہ تو ریگزار کر

انجمؔ ابھی ہیں راہ میں شب کی کڑی مسافتیں
مہر فلک پر رہ گیا دن کا سفر گزار کر