EN हिंदी
بحر غم میں دل کا قرینہ | شیح شیری
bahr-e-gham mein dil ka qarina

غزل

بحر غم میں دل کا قرینہ

نوح ناروی

;

بحر غم میں دل کا قرینہ
لاکھوں موجیں ایک سفینہ

ٹوٹا ہے دل شق ہے سینہ
دیکھ کر اس ظالم کا قرینہ

بھیگ گئی دنیائے محبت
آیا تھا کچھ مجھ کو پسینہ

شاخیں پھوٹیں کلیاں چٹکیں
آ پہنچا پھاگن کا مہینہ

حال بھی میرا آپ نہ پوچھیں
اتنی رنجش اتنا کینہ

مر جانا تکمیل وفا میں
ہے معراج کا پہلا زینہ

میری گردن تیرا خنجر
تیری برچھی میرا سینہ

برق بلا یا برق ادا ہو
دونوں کا ہے ایک قرینہ

کیا ہو سکوں اے بحر محبت
ساحل سے ہے دور سفینہ

جلتا ہوں تیری محفل میں
جنت میں دوزخ کا قرینہ

ہجر کا عالم یاد ہے مجھ کو
اک اک دن ایک ایک مہینہ

موت کی سختی میں نے سمجھی
ماتھے پر نکلا جو پسینہ

شمع کے دم سے بزم منور
کہنے کو مہمان شبینہ

کوئی جابر کوئی صابر
اک میرا اک ان کا قرینہ

ہل جاؤ بھی کھل کھیلو بھی
اچھا دن اچھا ہے مہینہ

انہیں میرے دل سے امنگیں
غرق کیا موجوں نے سفینہ

دل کو فغاں پہنچائے فلک تک
نیچی چھت ہے اونچا زینہ

پھر اٹھا طوفان محبت
نوحؔ کریں تیار سفینہ