EN हिंदी
اولاً اس بے نشاں اور با نشاں کو عشق ہے | شیح شیری
awwalan us be-nishan aur ba-nishan ko ishq hai

غزل

اولاً اس بے نشاں اور با نشاں کو عشق ہے

نظیر اکبرآبادی

;

اولاً اس بے نشاں اور با نشاں کو عشق ہے
بعد ازاں سر حلقۂ پیغمبراں کو عشق ہے

لا فتیٰ الا علی ہے شان میں جس کی نزول
دوستاں اس شاہ مرداں سے جواں کو عشق ہے

پھر جو ہے باغ نبوت اور امامت کی بہار
غنچۂ گل سبزۂ عنبر فشاں کو عشق ہے

عرش و کرسی حور و غلماں اور ملائک خاص و عام
عالم بالا کے سب باشندگاں کو عشق ہے

ہیں جو یہ چودہ طبق متحرک و ساکن سدا
بے سخن ان سب زمین و آسماں کو عشق ہے

مختلف ہیں اور ملے رہتے ہیں باہم روز و شب
خاک باد و آتش و آب رواں کو عشق ہے

ہے جہاں میں جن سے روشن عدل کے گھر کا چراغ
دم بدم ان بادشاہان جہاں کو عشق ہے

اور خراساں اصفہان ایران اور توران کو
پھر ہمارے گلشن ہندوستاں کو عشق ہے

ہیں جہاں تک سلسلے فقرا کے از کہہ تا بہ مہ
عارفاں اور کاملاں اور عاشقاں کو عشق ہے

کوہ تھراتے ہیں لرزیں ہیں زمین و آسمان
عاشق مولا کی فریاد و فغاں کو عشق ہے

ہر طرف گل زار ہے سبزان اور آب رواں
اپنی نظروں میں بہار گل فشاں کو عشق ہے

وہ جو ہیں اس گلشن ہستی میں اب محو فنا
ان کے آگے موسم باد خزاں کو عشق ہے

گرد کے مانند پھرتی ہیں پڑی اڑتی خراب
لٹ گئی دست جنوں کی کارواں کو عشق ہے

لوٹتے ہیں مست مے خانے کے در پر جا بجا
جام و صہبا ساقی و پیر مغاں کو عشق ہے

کل ہی نقش ذائقہ سن کر بھی ہم عامل رہے
اے عزیزاں اس حیات رائیگاں کو عشق ہے

خلقت کونین میں کیا جن و کیا انساں نظیرؔ
وحشی و طائر زباں و بے زباں کو عشق ہے