EN हिंदी
عینک کے دونوں شیشے ہی اٹے ہوئے تھے دھول میں | شیح شیری
ainak ke donon shishe hi aTe hue the dhul mein

غزل

عینک کے دونوں شیشے ہی اٹے ہوئے تھے دھول میں

عمیق حنفی

;

عینک کے دونوں شیشے ہی اٹے ہوئے تھے دھول میں
ہاتھ پڑ گیا کانٹوں پر پھولوں کے بدلے بھول میں

چھوتے ہی آشائیں بکھریں جیسے سپنے ٹوٹ گئے
کس نے اٹکائے تھے یہ کاغذ کے پھول ببول میں

عشق کے ہجے بھی جو نہ جانیں وہ ہیں عشق کے دعویدار
جیسے غزلیں رٹ کر گاتے ہیں بچے اسکول میں

اب راتوں کو بھی بازاروں میں آوارہ پھرتے ہیں
پہلے بھونرے ہو جاتے تھے بند کنول کے پھول میں

موٹی ڈالوں والے پیڑ کے پتے کیسے پیلے ہیں
کس نے دیکھا کون روگ ہے چھپا ہوا جڑ مول میں