اغیار چھوڑ مجھ سیں اگر یار ہووے گا
شاید کہ یار محرم اسرار ہووے گا
بوجھے گا قدر مجھ دل آشفتہ حال کی
پھاندے میں زلف کے جو گرفتار ہووے گا
بے فکر میں نہیں کہ صنم مست خواب ہے
کیا کیا بلا کرے گا جو بیدار ہووے گا
پنہاں رکھا ہوں درد کوں لوہو کی گھونٹ پی
کہتا نہیں کسی سیں کہ اظہار ہووے گا
بزم جنوں میں ساغر وحشت پیا جو کوئی
غفلت سیں عقل و ہوش کی ہشیار ہووے گا
تیری بھنووں کی تیغ کے پانی کوں دیکھ دل
اٹکا ہے اس سبب کہ ندی پار ہووے گا
رنگیں نہ کر توں دل کا محل نقش عیش سیں
غم کے تبر سیں مار کہ مسمار ہووے گا
برجا ہے یار مجھ پہ اگر مہربان ہے
بلبل پہ گل بغیر کسے پیار ہووے گا
جاتا نہیں ہے یار کی شمشیر کا خیال
معلوم یوں ہوا کہ گلے ہار ہووے گا
انکار مجھ کوں نیں ہے تری بندگی ستی
یاں کیا ہے بلکہ حشر میں اقرار ہووے گا
مجھ پاس پھر کر آوے اگر وو کتاب رو
مکتب میں دل کے درس کا تکرار ہووے گا
صحن چمن میں دیکھ تیرے قد کی راستی
ہر سرد تجھ سلام کوں خم دار ہووے گا
اس چشم نیم خواب کی دیکھے اگر بہار
نرگس چمن میں تختۂ دیوار ہووے گا
اس زلف عنبریں سیں جو یک تار جھڑ پڑے
ہر خوب رو کوں طرۂ دستار ہووے گا
اے جان میرے پاس سیں یک دم جدا نہ ہو
جینا ترے فراق میں دشوار ہووے گا
رکھتا ہے گرچہ آئنہ فولاد کا جگر
تیر نگہ کے سامنے لاچار ہووے گا
مت ہو شب فراق میں بے تاب اے سراجؔ
امید ہے کہ صبح کوں دیدار ہووے گا
غزل
اغیار چھوڑ مجھ سیں اگر یار ہووے گا
سراج اورنگ آبادی