EN हिंदी
طرح نو | شیح شیری
tarah-e-nau

نظم

طرح نو

ساحر لدھیانوی

;

سعئ بقائے شوکت اسکندری کی خیر
ماحول خشت بار میں شیشہ گری کی خیر

بیزار ہے کنشت و کلیسا سے اک جہاں
سوداگران دین کی سوداگری کی خیر

فاقہ کشوں کے خون میں ہے جوش انتقام
سرمایہ کے فریب جہاں پروری کی خیر

طبقات مبتذل میں ہے تنظیم کی نمود
شاہنشہوں کے ضابطۂ خود سری کی خیر

احساس بڑھ رہا ہے حقوق حیات کا
پیدائشی حقوق ستم پروری کی خیر

ابلیس خندہ زن ہے مذاہب کی لاش پر
پیغمبران دہر کی پیغمبری کی خیر

صحن جہاں میں رقص کناں ہیں تباہیاں
آقائے ہست و بود کی صنعت گری کی خیر

شعلے لپک رہے ہیں جہنم کی گود سے
باغ جناں میں جلوۂ حور و پری کی خیر

انساں الٹ رہا ہے رخ زیست سے نقاب
مذہب کے اہتمام فسوں پروری کی خیر

الحاد کر رہا ہے مرتب جہان نو
دیر و حرم کے حیلۂ غارت گری کی خیر