EN हिंदी
تن نحیف سے انبوہ جبر ہار گیا | شیح شیری
tan-e-nahif se amboh-e-jabr haar gaya

نظم

تن نحیف سے انبوہ جبر ہار گیا

زہرا نگاہ

;

اب آنسوؤں کے دھندلکوں میں روشنی دیکھو
ہجوم مرگ سے آواز زندگی کو سنو

سنو کہ تشنہ دہن مالک سبیل ہوئے
سنو کہ خاک بسر وارث فصیل ہوئے

ردائے چاک نے دستار شہ کو تار کیا
تن نحیف سے انبوہ جبر ہار گیا

سنو کہ حرص و ہوس قہر و زہر کا ریلا
غبار و خار و خش و خاک ہی نے تھام لیا

سیاہیاں ہی مقدر ہوں جن نگاہوں کا
خدا بچائے ان آنکھوں کی شعلہ باری سے

ڈرو کہ زرد رخاں نیم جاں و خستہ تناں
ہزار بار مرے اور لاکھ بار جیے!

وہ لوگ جن کو میسر نہ آئے مرہم وقت!
وہ لوگ تلخیٔ تقدیر بانٹ لیتے ہیں

وہ ہاتھ جن پہ ہو نفرت کا زنگ صدیوں سے
وہ ہاتھ لوہے کی دیوار کاٹ دیتے ہیں