ہر لڑکی کے
تکیے کے نیچے
تیز بلیڈ
گوند کی شیشی
اور کچھ تصویریں ہوتی ہیں
سونے سے پہلے
وہ کئی تصویروں کی تراش خراش سے
ایک تصویر بناتی ہے
کسی کی آنکھیں کسی کے چہرے پر لگاتی ہے
کسی کے جسم پر کسی کا چہرہ سجاتی ہے
اور جب اس کھیل سے اوب جاتی ہے
تو کسی بھی گوشت پوست کے آدمی کے ساتھ
لپٹ کر سو جاتی ہے
نظم
سونے سے پہلے
ندا فاضلی