تمہاری بابت میں سوچتا ہوں
تو ایسا لگتا ہے لفظ سارے
بدن دریدہ و سر بریدہ
بیان و اظہار کے سہارے
یہ لفظ سارے
میرے تخیل کی بارگاہ سخن میں جیسے
قطار اندر قطار محجوب
پا پیادہ کھڑے ہوئے ہیں
تمہیں جو سوچوں تو لفظ سوچوں
جو لفظ سوچوں تو ایسے پیکر کا ترجماں
کوئی لفظ سوچوں
جو عکس افگن ہو غمزہ و عشوہ و ادا کا
نظیر روئے نگار و طلعت
خبیر بوئے بہار و نکہت
جو حسن سرمد کا آئینہ گر
جو عارض حور کا فسوں گر
جو لفظ خوشبو عبیر و عنبر
جو لفظ صندل شمیم مضطر
جو لفظ فرہنگ خاموشی ہو
جو لفظ آہنگ بے خودی ہو
جو لفظ تندید گر ہو ایسا
جو خال و خد کو کمال کہہ دے
تمہیں سراپا جمال کہہ دے
جو لفظ جادو ہو کیمیا ہو
جو لفظ افسوں ہو سیمیا ہو
جو لفظ تجھ کو بیان کر دے
وہ لفظ آخر کوئی تو ہوگا
وہ لفظ آخر کہیں تو ہوگا
نظم
سیمیا
سلمان انصاری