ان سیڑھیوں پر
اور ان سے اوپر ایک تنگ مکان کے فرش پر
اکیسویں صدی کا کوئی مصور
وہ ہونٹ دریافت نہیں کر سکا
جو تمہارے پیروں کو چوم نہیں سکے
اور مکان کی وہ دیواریں
جن سے تمہاری کمر رگڑ نہیں کھا سکی
اور کوئی نظم
تمہاری خواہش کرنے والے وہ لفظ نہیں ڈھونڈ سکی
جو ان سیڑھیوں سے اوپر
ایک تنگ مکان کی دیواروں کے درمیان
ایک شخص سے فراموش ہو گئے
یا جنہیں اس نے
کاغذ پر درشتی سے کاٹ دیا
یا لکھے بغیر ترک کر دیا
یا اپنی آنکھوں کو سونپ دیا
کہ ایک روز تم انہیں آسانی سے پڑھ سکو
اور زیادہ آسانی کے ساتھ
ان کا انکار کر سکو
نظم
سیڑھیوں سے اوپر ایک مکان
سید کاشف رضا