لفظ بہت سے
جگ مگ جگ مگ کرتے تارے
چاند نہیں بننے پاتے ہیں
رات گلے میں پھنس جاتی ہے
جذبے کتنے
بورائی الہڑ خوشبوئیں
پھول نہیں بننے پاتی ہیں
ذات گلے میں پھنس جاتی ہے
لیکن اکثر
تیری یادیں
تیرا چہرہ بن کر آئیں
جگ مگ جگ مگ کرتے تارے
بورائی الہڑ خوشبوئیں
چاند جلے رہتے ہیں شب بھر
پھول کھلے رہتے ہیں شب بھر
رات سمندر بن جاتی ہے
ذات سمندر بن جاتی ہے
نظم
سمندر
فرحت احساس