EN हिंदी
پیارا پیارا گھر اپنا | شیح شیری
pyara pyara ghar apna

نظم

پیارا پیارا گھر اپنا

عظمت اللہ خاں

;

وہ چین کہاں اپنے گھر کا وہ بات کہاں اپنے گھر کی پیارا پیارا گھر اپنا
وہ راج کہاں اپنے گھر کا وہ رات کہاں اپنی گھر کی آنکھوں کا تارا گھر اپنا

سکھ چین اگر دنیا میں ہے اپنے ہی گھر میں ملتا ہے سکھ کا سہارا گھر اپنا
دکھ درد کی گر کوئی دوا ہی اپنے ہی گھر کی سوا ہے دکھ کا مداوا گھر اپنا

وہ گھر والی سندر چترا گھر کی سیوا کرنے والی دل کا دلاسا گھر اپنا
آرام ہمیں دینے والی آپ مصیبت بھرنے والی جان سے پیارا گھر اپنا

آنکھوں کے تارے لاڈلے گھر کے سب مل کر گھر سر پہ اٹھاتے دودھوں نہایا گھر اپنا
ہنستے ہنساتے روٹھتے منتے سنتے کہانی سوتے سلاتے بسا بسایا گھر اپنا

ہم پر جان چھڑکنے والا وہ پروان چڑھانے والا پالنے والا گھر اپنا
وہ بلوان بنانے والا وہ انسان بنانے والا ڈھالنے والا گھر اپنا

وہ پاک ہوا اپنے گھر کی پیار کی جلا اپنے گھر کی دل میں سمایا گھر اپنا
ایثار وفا اپنے گھر کا وہ درد دیا اپنے گھر کی روح پہ چھایا گھر اپنا

جڑ بنیاد وطن کی گھر ہے وطن گھروں کا اپنے گھر ہے اپنے گھروں کا گھر اپنا
اپنے گھر پہ نثار وطن ہے اور وطن کے صدقے گھر ہے وطن کا شیدا گھر اپنا

وطن کی چاہت اپنے گھر سے وطن کی طاقت اپنے گھر سے وطن کا پیارا گھر اپنا
وطن کی دولت اپنے گھر سے وطن کی عزت اپنے گھر سے راج دلارا گھر اپنا