EN हिंदी
پروگرام | شیح شیری
programme

نظم

پروگرام

جوشؔ ملیح آبادی

;

اے شخص اگر جوشؔ کو تو ڈھونڈھنا چاہے
وہ پچھلے پہر حلقۂ عرفاں میں ملے گا

اور صبح کو وہ ناظر نظارۂ قدرت
طرف چمن و صحن بیاباں میں ملے گا

اور دن کو وہ سرگشتۂ اسرار و معانی
شہر ہنر و کوئے ادیباں میں ملے گا

اور شام کو وہ مرد خدا رند خرابات
رحمت کدۂ بادہ فروشاں میں ملے گا

اور رات کو وہ خلوتئ کاکل و رخسار
بزم طرب و کوچۂ خوباں میں ملے گا

اور ہوگا کوئی جبر تو وہ بندۂ مجبور
مردے کی طرح کلبۂ احزاں میں ملے گا