EN हिंदी
پچھلے پہر کے سناٹے میں | شیح شیری
pichhle-pahar ke sannaTe mein

نظم

پچھلے پہر کے سناٹے میں

ابن انشا

;

پچھلے پہر کے سناٹے میں
کس کی سسکی کس کا نالہ

کمرے کی خاموش فضا میں در آیا ہے
زور ہوا کا ٹوٹ چکا ہے

کھلے دریچے کی جالی سے
ننھی ننھی بوندیں چھن کر

سب کونوں میں پھیل گئی ہیں
اور مرے اشکوں سے

ان کے ہاتھ کا تکیہ بھیگ گیا ہے
کتنی ظالم

کتنی گہری تاریکی ہے
کھلا دریچہ تھر تھر تھر تھر کانپ رہا ہے

بھیگی مٹی سوندھی خوشبو چھوڑ رہی ہے
اودے بادل

کالے امبر کی جھیلوں میں ڈوب گئے ہیں
کس کے رخساروں کی لرزش دیکھ رہا ہوں

کس کی زلفوں کی شکنوں سے کھیل رہا ہوں
چپکے چپکے لیٹے لیٹے سوچ رہا ہوں

پچھلے پہر کا سناٹا ہے
کس کی سسکی کس کا نالہ

کمرے کی خاموش فضا میں در آیا ہے
گھنے درختوں میں پروا کی سیٹی گونجی

دو دکشوں میں قیدی روحیں چیخ رہی ہیں
کونوں میں دبکے ہوئے جھینگر چلاتے ہیں

محرابوں سے بھوتوں کے سر ٹکراتے ہیں
قلعے کے اک برج کے اندر

ایک پری (شیلاٹ کی رانی)
خندق کے ان دیکھے پانی کی گہرائی

اندیشے کے بالشتوں سے ماپ رہی ہے
ماضی کی ڈیوڑھی کی چلمن

کھلے دریچے کی جالی سے
چھن چھن آئیں

روپ کی جوت حنا کی لالی کل کی یادیں
سوندھی خوشبو ٹھنڈی بوندیں

کل کے باسی آنسو جن سے
فردا کے بالیں کا پردا بھیگ رہا ہے

سحر زدہ محبوس حسینہ
سپنوں کے شیلاٹ کی رانی

آئینوں میں حسن شکستہ دیکھ رہی ہے
کتنے چہرے ٹوٹے ٹوٹے

پہچانے ان پہچانے سے
آگے پیچھے آگے پیچھے بھاگ رہے ہیں

قلعے کے آسیب کی صورت کس کی سسکی کس کا نالہ
کمرے کی خاموش فضا میں در آیا ہے

بچھڑے لوگو پیارے لوگو
چاہیں بھی تو نام تمہارے جان سکیں گے؟

کیسے مانیں تم کو ہمارے
جی لینے کی مر لینے کی

خوشی ہوئی افسوس ہوا ہے
تم کیا جانو

کس کے ہاتھ کا تکیہ
کس کے گرم اشکوں سے بھیگ رہا ہے

کھلے دریچے کی جالی سے چمٹی آنکھو
اک لمحے کے کوندے میں تم

کن کن اجنبی چیزوں کو پہچان سکو گی
جیون کھیل میں ہارے لوگو

بچھڑے لوگو پیارے لوگو
برکھا کی لمبی راتوں میں

کمرے کی خاموش فضا میں
پچھلے پہر کے سناٹے میں

روتے روتے جاگنے والے
ہم لوگوں کو سو لینے دو

اور سویرا ہو لینے دو