جو ظاہر نہ ہو وہ لطافت نہیں ہے
جو پنہاں رہے وہ صداقت نہیں ہے
یہ فطرت نہیں ہے مشیت نہیں ہے
کوئی اور شے ہے یہ عصمت نہیں ہے
صبا اور گلستاں سے دامن کشیدہ
نوائے فسوں خیز اور ناشنیدہ
تجلیٔ رخسار اور نا دمیدہ
کوئی اور شے ہے یہ عصمت نہیں ہے
سر رہ گزر چھپ چھپا کر گزرنا
خود اپنے ہی جذبات کا خون کرنا
حجابوں میں جینا حجابوں میں مرنا
کوئی اور شے ہے یہ عصمت نہیں ہے
خیالات پیہم میں ہر وقت گم سم
دل نرم و نازک پہ ابر توہم
بجھا سا تبسم گھٹا سا تکلم
کوئی اور شے ہے یہ عصمت نہیں ہے
وہ اک کاہش تلخ ہر آن دل میں
وہ شام و سحر ایک خلجان دل میں
امنڈتا ہوا ایک طوفان دل میں
کوئی اور شے ہے یہ عصمت نہیں ہے
نگاہوں کی دعوت کو پامال کرنا
مذاق لطافت کو پامال کرنا
تقاضائے فطرت کو پامال کرنا
کوئی اور شے ہے یہ عصمت نہیں ہے
قسم انجم شب کے ذوق سفر کی
قسم تازگیٔ نسیم سحر کی
قسم آسمانوں کے شمس و قمر کی
کوئی اور شے ہے یہ عصمت نہیں ہے
قسم شوخیٔ عشق سنجوگتا کی
قسم جون کے عزم صبر آزما کی
قسم طاہرہ کی قسم خالدہ کی
کوئی اور شے ہے یہ عصمت نہیں ہے
نظم
پردہ اور عصمت
اسرار الحق مجاز