EN हिंदी
لفظ | شیح شیری
lafz

نظم

لفظ

ذیشان ساحل

;

جب لفظ چلنا چاہتے ہیں
چلتے ہیں اور دوسرے لفظوں کے

پیچھے چلنا شروع کر دیتے ہیں
ایک کے پیچھے ایک

لفظ چلتے رہتے ہیں
لفظ ایک دوسرے کے پیچھے

پاگلوں کی طرح نہیں دوڑتے
لفظ آہستہ آہستہ چلتے ہیں

اپنے چلنے کے دوران لفظ
ایک دوسرے پر مٹی نہیں اچھالتے

ایک دوسرے پر پانی نہیں پھینکتے
لفظ دوسرے لفظوں کو کیچڑ میں نہیں گراتے

لفظ
دوسرے چھوٹے چھوٹے لفظوں کو

دھکے نہیں دیتے
آگے جانے والے لفظ

پیچھے آنے والے لفظوں کا
راستہ نہیں روکتے

خالی ہاتھ
لفظ چلتے چلے جاتے ہیں

ان کے پاس اخروٹ کی لکڑی سے بنی
لوہے کے دستے والی کوئی چھڑی نہیں ہوتی

نہ ہی کوئی بندوق
لفظ لفظوں کو

بہت زیادہ ڈراتے نہیں
لفظ دوسرے لفظوں کو سہارا دیتے ہیں

زندہ رکھتے ہیں
لفظ کسی لفظ کو

آدمی کی طرح
اندھیرے میں لے جا کر

اس کا گلا نہیں گھونٹتے
وہ ایک دوسرے کو روشنی میں رکھ کر

ہمیشہ اپنی اپنی آواز بلند کرتے ہوئے
آگے بڑھتے رہتے ہیں

چلتے رہی رہتے ہیں