کسی کو کیا دے سکتے ہو تم!
چاند کسی کو دے سکتے ہو؟
تارے؟
یا پھر جگمگ جگنو کسی کو دے سکتے ہو؟
سوکھی شاخ کو ہرا سا پتہ
پیاس کو شبنم کا اک قطرہ
بجھی بجھی سی آنکھ کو جیوتی
بھوک کو روٹی
دے سکتے ہو؟
مجھے بتاؤ:
دھوپ کو سایا دے سکتے ہو؟
دشت کو دریا دے سکتے ہو؟
تین سو پینسٹھ دنوں میں مجھ کو
اک دن اچھا دے سکتے ہو
نظم
کیا دے سکتے ہو؟
کمار پاشی