EN हिंदी
خود فریبی | شیح شیری
KHud-farebi

نظم

خود فریبی

خورشید اکبر

;

تم مجھے امتحان میں ڈالو
میں تمہیں امتحان میں ڈالوں

پھر نتیجہ ہو جس کا رسوائی
اور حاصل ہو شام تنہائی

اس تعلق کا فائدہ کیا ہے
اس سے بچنے کا راستہ کیا ہے

میں نے پہلے بھی تم کو دیکھا ہے
اور ہر بار دیکھنا ہے کیا

جاؤ تم کو نئی حیات ملے
خود فریبی سے اب نجات ملے

میں کوئی یاد ہوں نہ کوئی خیال
میرا عاشق ہے تو نہ شہر جمال

اپنی دنیا میں خوش رہو جاناں
قصۂ درد مت کہو جاناں

روشنی سے گزر گئے سائے
تیرگی میں اتر گئے سائے

پھر کہیں نام ہے نہ کوئی پتا
زندگی تیرا گھر کہاں ہے بتا