آؤ
کہیں سے تھوڑی سی مٹی بھر لائیں
مٹی کو بادل میں گوندھیں
نئے نئے آکار بنائیں
کسی کے سر پہ چوٹیا رکھ دیں
ماتھے اوپر تلک سجائیں
کسی کے چھوٹے سے چہرے پر
موٹی سی داڑھی پھیلائیں
کچھ دن ان سے جی بہلائیں
اور یہ جب میلے ہو جائیں
داڑھی چوٹی تلک سبھی کو
توڑ پھوڑ کے گڈمڈ کر دیں
ملی جلی یہ مٹی پھر سے
الگ الگ سانچوں میں بھر دیں
نئے نئے آکار بنائیں
داڑھی میں چوٹی لہرائے
چوٹی میں داڑھی چھپ جائے
کس میں کتنا کون چھپا ہے
کون بتائے
نظم
کھیل
ندا فاضلی