اس خبر کے آنے کے بعد
میں اپنے گھر کی کھڑکیاں
بند کرتی ہوں
بجلی کے تار سوئچ آف کر دیتی ہوں
فریج میں رکھا کھانا
پڑوس میں دے دیتی ہوں
بچا ہوا دودھ گلی کی بلی کے آگے
ڈال دیتی ہوں
اور ایک گلاس ٹھنڈا پانی پیتی ہوں
تمام دروازے لاک کر کے
سڑک پر نکل جاتی ہوں
دوپہر سے پہلے
یا رات کے کسی پہر
سرکاری گاڑی میں
سرکاری مردہ خانے میں
مجھے باقی جلا وطنوں کے ساتھ
پھینک دیا جائے گا
اور ایک خبر چھپے گی
ملزمہ فلاں بنت فلاں کے گھر
پرانے صندوق میں
پرانے کپڑوں کی تہوں میں
بہت سی نظمیں
قابل اعتراض حالت میں پائی گئیں
نظم
جلا وطن ہونے سے پہلے
عذرا عباس