EN हिंदी
جب ہم دونوں جدا ہوئے تھے | شیح شیری
jab hum donon juda hue the

نظم

جب ہم دونوں جدا ہوئے تھے

اصغر ندیم سید

;

جب ہم دونوں جدا ہوئے تھے
اس نے پہنی سرما کی راتوں میں نکلے چاند کی ساڑی

میں نے پہنا
اپنی بن باسی کا چولا

اس نے مانگی دھوپ
جو برفوں پر چمکی تھی اور ہنسی کے دریا میں بہتے ہوئے

ہم تک پہنچی تھی
میں نے مانگی گھاس میں گری ہوئی آواز

اس کے ہاتھ میں
آٹھ پہر کے خواب کا چھوٹا بچہ تھا

میرے ہاتھ میں وقت نے اپنے بیج سے باہر پاؤں رکھا
اس کی آنکھ میں ناؤ ڈوبی

میری آنکھ میں ایک پرندہ ڈر کے دبکا
اس کے ہونٹ پہ میرے نام کا سایہ تھا

میرے ہونٹ پہ اس کے جسم کی بارش تھی
اس کے دل میں گم گشتہ تہذیبوں جیسی خاموشی تھی

میرے دل میں تیز ہوا کی یاد میں کھویا موسم تھا
اس کے پاؤں حیرت کی سیڑھی سے نیچے اتر رہے تھے

میرے پاؤں دل کی زمیں سے لپٹ رہے تھے
جب ہم دونوں جدا ہوئے تھے

آدھا بوسہ آدھا آنسو دل میں رہا