کہیں تو کاروان درد کی منزل ٹھہر جائے
کنارے آ لگے عمر رواں یا دل ٹھہر جائے
اماں کیسی کہ موج خوں ابھی سر سے نہیں گزری
گزر جائے تو شاید بازوئے قاتل ٹھہر جائے
کوئی دم بادبان کشتیٔ صہبا کو تہہ رکھو
ذرا ٹھہرو غبار خاطر محفل ٹھہر جائے
خم ساقی میں جز زہر ہلاہل کچھ نہیں باقی
جو ہو محفل میں اس اکرام کے قابل ٹھہر جائے
ہماری خامشی بس دل سے لب تک ایک وقفہ ہے
یہ طوفاں ہے جو پل بھر بر لب ساحل ٹھہر جائے
نگاہ منتظر کب تک کرے گی آئینہ بندی
کہیں تو دشت غم میں یار کا محمل ٹھہر جائے
نظم
غبار خاطر محفل ٹھہر جائے
فیض احمد فیض