EN हिंदी
گاندھیؔ جی کی یاد میں! | شیح شیری
gandhi-ji ki yaad mein!

نظم

گاندھیؔ جی کی یاد میں!

جگر مراد آبادی

;

وہی ہے شور ہائے و ہو، وہی ہجوم مرد و زن
مگر وہ حسن زندگی، مگر وہ جنت وطن

وہی زمیں، وہیں زماں، وہی مکیں، وہی مکاں
مگر سرور یک دلی، مگر نشاط انجمن

وہی ہے شوق نو بہ نو، وہی جمال رنگ رنگ
مگر وہ عصمت نظر، طہارت لب و دہن

ترقیوں پہ گرچہ ہیں، تمدن و معاشرت
مگر وہ حسن سادگی، وہ سادگی کا بانکپن

شراب نو کی مستیاں، کہ الحفیظ و الاماں
مگر وہ اک لطیف سا سرور بادۂ کہن

یہ نغمۂ حیات ہے کہ ہے اجل ترانہ سنج
یہ دور کائنات ہے کہ رقص میں ہے اہرمن

ہزار در ہزار ہیں اگرچہ رہبران ملک
مگر وہ پیر نوجواں، وہ ایک مرد صف شکن

وہی مہاتما وہی شہید امن و آشتی
پریم جس کی زندگی، خلوص جس کا پیرہن

وہی ستارے ہیں، مگر کہاں وہ ماہتاب ہند
وہی ہے انجمن، مگر کہاں وہ صدر انجمن